کراچی: شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن سے گزشتہ روز ملنے والی بوری بند لاش کا معمہ حل ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن کی ندی سے ایک روز قبل بوری بند لاش ملی، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق لاش کو کرین کی مدد سے کھدائی کر کے نکالا گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت دین محمد کے نام سے ہوئی، جس کا آبائی تعلق بلوچستان کے علاقے جعفرآباد سے تھا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی۔ اہل خانہ کی جانب سے ریکارڈ کرائے گئے بیان کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول کو خاندانی دشمنی کی بنیاد پر قتل کیا گیا۔
اہل خانہ کی شکایت پر حکام نے بلوچستان پولیس سے رابطہ کیا، جس پر ملزم کو جعفرآباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے دورانِ تفتیش نوجوان کو قتل کرنے کا انکشاف کیا، اور اُسی کی نشاندہی پر لاش برآمد کی گئی تھی۔ ملزم نے بتایا کہ محمد دین کو قتل کرنے کے لیے اُس کی لاش بوری میں بند کر کے ندی میں پھینک دی تھی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم مقتول کا رشتے دار ہے، جس نے غیرت کے نام پر محمد دین کو قتل کیا۔