کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے کراچی سے مسقط کے لیے ہفتے میں 2 پروازیں چلانے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کراچی سے مسقط کے لیے ہفتے میں دو پروازیں آپریٹ کرے گی اس سے قبل مسقط کے لیے ہفتے میں ایک پرواز آپریٹ کی جاتی تھی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز میں اضافہ مسقط جانے والے مسافروں کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسقط کے لیے دو پروازوں سے مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
مزید پڑھیں: کینیڈا نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کردیں
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کینیڈا نے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پی آئی اے کی جانب سے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار تین پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
دوسرے مرحلے میں پاکستان سے کینیڈا آپریشن مکمل طور پر بحال کردیا تھا۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پروازیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے لیے بکنگ کھول دی گئی لوگ بآسانی نشستیں حاصل کرسکتے ہیں۔