کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں بیٹے نے پولیس انسپکٹر باپ کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن میں گھر کے اندر فائرنگ سے کراچی پولیس شعبہ تفتیش کا انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔
مقتول پولیس انسپکٹر دیدار عباسی کو اسی کے بیٹے نے فائرنگ کرکے قتل کیا، دیدار عباسی درخشاں انویسٹی گیشن پولیس میں تعینات تھے۔
ایس ایس پی شاہ جہاں خان کے مطابق بیٹے نے باپ کو کس وجہ سے قتل کیا تحقیقات کررہے ہیں۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر دیدار عباسی ایس ایچ او میمن گوٹھ خالد عباسی کے بڑے بھائی تھے، مقتول کو ذاتی تنازع پر بیٹے نے دو گولیاں ماریں جو ان کے سر اور بازو میں لگیں۔
فائرنگ سے پولیس انسپکٹر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزم بیٹا کامران عباسی موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پولیس انسپکٹر کے ملزم بیٹے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول انسپکٹر دیدار عباسی ایس آئی او درخشاں تھانہ تعینات تھے، واقعے کی وجوہات کے تعین کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔