تازہ ترین

کنٹونمنٹ‌ انتخابات، لاہور میں‌ فائرنگ، لیگی امیدوار کے تین بیٹے زخمی

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں لیگی رہنما کے تین بیٹے زخمی ہوئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں واقع والٹن وارڈ نمبر 7 میں کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے دو امیدواروں کے درمیان بینر کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جو مسلح تصادم میں تبدیل ہوگیا۔

آزاد امیدوار چوہدری ارشد اور اُن کے حامیوں نے مسلم لیگ ن کے امیدوار نعیم بٹ کے الیکشن آفس کے باہر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اُن کے تین بیٹے زخمی ہوئے۔

فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور وہاں موجود لوگوں نے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، اس کا کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید زاویوں سے بھی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کےضابطہ اخلاق پرمن وعن عمل درآمد کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرقانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

Comments

- Advertisement -