راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسنز کا شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں 25 سال کے سپاہی ضیا اکرم اور 20 سال کے مصور خان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فرار ہوتے ہوئے ایک دہشت گرد مارا گیا۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں آپریشن : سیکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کا تبادلہ، دہشت گرد ہلاک
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ 27 اگست کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیراستعمال ہتھیار اور گولیاں بڑی تعداد میں برآمد کی گئیں۔
یاد رہے کہ بائیس اگست کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔