The news is by your side.

Advertisement

دبئی میں ڈرائیوروں کو وارننگ جاری

دبئی پولیس نے حادثے کے بعد جائے حادثہ سے فرار ہونے والے ڈرائیوروں کے لیے وارننگ جاری کردی۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے ڈرائیوروں کو کسی حادثے کا باعث بننے اور پھر متاثرہ فریق کو مدد فراہم کیے بغیر یا اپنی معلومات دئیے بغیر جائے حادثہ سے فرار ہونے سے معلق وارننگ جاری کی ہے۔

دبئی کے چیف ٹریفک پراسیکیوٹر اور دبئی ٹریفک پبلک پراسیکیوشن کے سربراہ جنرل صلاح آل فیلسی نے کہا کہ ہٹ اینڈ رن بنیادی طور پر ایک غلط فعل ہے لیکن اگر کوئی حادثے کے نتیجے میں ہلاک یا زخمی ہوجائے تو یہ جرم بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی ٹریفک قوانین کی کچھ خلاف ورزیاں جرم تصور کی جاسکتی ہیں جیسا کہ ہٹ اینڈ رن ہے، یو اے ای کے ٹریفک قوانین کے مطابق اگر حادثے میں کوئی ہلاک ہوتا ہے، زخمی ہوتا ہے یا گاڑی کو نقصان پہنچتا ہے تو اس جرم کی سزا قید یا جرمانہ ہے، جرمانہ 20 ہزار درہم سے شروع ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی ڈرائیور کسی حادثے میں ملوث ہوتا ہے تو اسے ایک غلطی کے طور پر دیکھا جاتا ہے لیکن اگر ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوجائے تو پھر اسے سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

آل فیلسی نے کہا کہ حادثے میں ملوث ڈرائیوروں کو چاہیے کہ گاڑی کو محفوظ مقام پر کھڑی کرکے پولیس کو اطلاع دیں۔

انہوں نے بتایا کہ قانون میں ڈرائیور کو حادثے کی اطلاع دینے کے لیے 6 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے، مثال کے طور پر اگر شیخ زید جیسی مصروف سڑک پر حادثہ ہوتا ہے تو ٹریفک جام سے بچنے کے لیے گاڑی کو محفوظ مقام پر لے جانا ہوگا۔

آل فیلسی نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی کہ وہ تھکن، نیند اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے حادثے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں