اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں سیاسی مداخلت کے امکان کو فوری ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ایف بی آرہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے افسران سےخطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’حکومت ایف بی آرکو مکمل خودمختاری دینے کے لیے پرعزم ہے، ایف بی آرمیں سیاسی مداخلت کےامکان کو ختم ہونا چاہیے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا ہدف سے زائد ریونیو حاصل کرنا خوش آئند ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ایف بی آر رواں سال5829 ارب ہدف کیلئے پرعزم ہے، ٹیکس نیٹ میں اضافہ کی کوششیں جاری ہیں، جس کے تحت نادرا، نجی شعبے پر مشتمل کمیٹیاں کام کررہی ہیں‘۔
مزید پڑھیں: صوبوں کو ٹیکس وصول کرنے کی اجازت
شوکت ترین نے کہا کہ ’پوائنٹ آف سیلز نظام ایف بی آرکا ایک اور اہم اقدام ہے، جس سے ریٹیلرز کی سطح پر تمام ٹرانزیکشنز ریکارڈ ہوسکیں گی، ٹریک اینڈ ٹریس پروجیکٹ کا آغاز نومبر سے ہوگا، اس منصوبے کے لیے 432 ملین روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں‘۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ’خودکار ٹیکس نظام کی بدولت ٹیکس معاملات میں شفافیت آئےگی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور سائبر سیکیورٹی کیلئے 3.8 ارب روپے کی گرانٹ رواں ہفتےجاری ہوچکی ہے‘۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سنگل ونڈوپروجیکٹ کے تحت 70 محکمے ایک پلیٹ فارم پر آجائیں گے۔