کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے انگلش کرکٹ بورڈ کے نام اہم پیغام شیئر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’وقت آگیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے فیصلے کو بھلا کر انگلش کرکٹ بورڈ پاکستان کی سپورٹ میں کھڑا ہو۔
سابق کپتان نے لکھا کہ انگلش بورڈ کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ گزشتہ سال پی سی بی نے کورونا کی مشکل صورت حال میں ان کی مدد کی تھی۔
It’s time for @ecb_cricket to show their appreciation of @therealpcb through actions and not words. Despite the mind boggling @blackcaps decision, Pakistan remains a safe place to tour. ECB shouldn't forget our support for them last year in a very tough Covid-19 situation.
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) September 18, 2021
دوسری جانب احمد شہزاد نے انگلش کرکٹ بورڈ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’اپنے پاکستان کے دورے کا فیصلہ کرنے سے پہلے، یاد رکھیں کہ ہم نے کرکٹ کو اپنے وطن میں واپس لانے کے لیے کتنی کوششیں کی ہیں۔‘
احمد شہزاد نے کہا کہ ہمارا سیکیورٹی سسٹم اور فورسز بہترین ہیں اور اس بات کا ثبوت ویسٹ انڈیز، سری لنکا، جنوبی افریقا، زمبابوے کے دورے ہیں۔
.@ECB_cricket, before deciding on your tour to 🇵🇰, remember what we have done and gone through to get cricket back home. Our security system and forces are the best and have proven during the tours of SL, SA, ZIM, BAN, WI, ICC XI as well as the PSL. Our country is safe 🙏🏼
— Ahmad Shahzad 🇵🇰 (@iamAhmadshahzad) September 18, 2021
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ہی پاکستان سُپر لیگ سے بھی یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہمارا ملک محفوظ ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں پہلا ایک روزہ میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے اس اعلان کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔