منگل, فروری 18, 2025
اشتہار

’اتحادی ارکان الگ ہوگئے تو بلوچستان میں حکومت نہیں بناسکتے‘

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ اتحادی ارکان الگ ہوجاتے ہیں تو ہم بلوچستان میں حکومت نہیں بناسکتے۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ بلوچستان حکومت صرف بی اے پی کی نہیں اتحادی حکومت ہے، اکثریت جس رائے کی طرف جاتی ہے اسی پر فیصلہ ہوتا ہے، میں نہیں چاہوں گا کہ ہم استعفوں کی سیاست کی طرف جائیں۔

جام کمال نے کہا کہ میرے خلاف چوتھی پانچویں مرتبہ اس قسم کی حرکت کی گئی، کمیٹی نے ناراض رہنماؤں سے ملاقات کی اور منانے کی کوشش کی، امید ہے ارکان بات مان جائیں گے اور لوٹ آئیں گے، بلوچستان استعفوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ استعفوں کی سیاست کی طرف نہ جائیں، ناراض لوگ ہمارے بھائی ہیں ان سے بات کریں گے اور تحفظات دور کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اختلاف، ناراض ارکان کا بڑا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان واحد ہے جس نے اپنے ارکان اسمبلی کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا، ہم نے پارلیمانی کمیٹیاں بنائیں اور صوبے کے لیے کام کیا۔

جام کمال نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ہم 18 سے زائد وزرا منتخب نہیں کرسکتے، کابینہ میں ردوبدل کریں گے تو آج ناراض ہیں وہ خوش اور جو خوش ہیں وہ ناراض ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو سے اچھے تعلقات ہیں وہ ناراض بھی جلدی ہوجاتے ہیں، بی اے پی سربراہ بنا تھا تو اس دن بھی وہ ناراض ہوگئے تھے، بی اے پی کا مستقبل روشن ہے، انشا اللہ بلوچستان کے لیے مل کر کام کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں