شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی سارہ خان اور فلک شبیر کی جانب سے بیٹی کی پیدائش کے بعد سے مختلف ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
معروف گلوکار فلک شبیر نے انسٹاگرام اسٹوری میں اہلیہ سارہ خان کو پھول دیتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ ’ڈاکٹر نے کہا ہے کہ بیٹی کو پھولوں سے دور رکھیں لیکن سارہ کے لیے تو پھول آئیں گے۔‘
واضح رہے کہ شادی کے بعد سے فلک شبیر کی اہلیہ کو پھول دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، فلک شبیر کی اس عادت کو سارہ خان سمیت دونوں فنکاروں کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جاتا ہے۔
گزشتہ دنوں بھی فلک شبیر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کچن کا سامان لے کر آئے تھے جب سارہ خان نے شوہر سے پوچھا تھا کہ سب سامان لے آئے اس پر فلک شبیر کا کہنا تھا کہ پھول لانا نہیں بھولا ہوں۔
یاد رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر کے ہاں گزشتہ دنوں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کی اطلاع گلوکار نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو دی تھی۔
فلک شبیر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مداحوں کو ربیع الاول کے چاند کی مبارک دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’آج اس بابرکت دن کے موقع پر اللّہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی رحمت سے نوازا ہے۔‘
گلوکار نے خوشی کے اس موقع پر اللّہ تعالیٰ کا شُکر ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے اپنی بیٹی کا نام ’عالیانہ فلک‘ رکھا ہے، اُنہوں نے اپنے مداحوں کی دُعاؤں اور محبت کے لیے اُن کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔