اسلام آباد: تاجر تنظیموں نے جڑواں شہروں کے وسط میں دیے جانے والے احتجاج کو ختم کر کے وزیراعظم سیکریٹریٹ کے گھیراؤ کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جبری سیلز ٹیکس اور ایف بی آر کو پولیس کے اختیارات دیے جانے کے خلاف انجمن تاجران نے آج فیض آباد میں احتجاج کیا۔
تاجر برادری نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
بعد ازاں تاجروں نے فیض آباد پر ہونے والے احتجاج کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 30 ستمبر کو وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنے کی کال دی۔
تاجر رہنما کا کہنا تھا کہ تاجر حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں، ہم اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے، جبری سیلز ٹیکس رجسٹریشن کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔
مزید پڑھیں: ’تاجروں کے احتجاج کا کالعدم ٹی ایل پی سے کوئی تعلق نہیں‘
تاجر رہنماؤں نے پوائنٹ آف سیل پرڈیوائسزکی تنصیب کےآرڈیننس کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات اور بیورو کریٹس کی مراعات کم کرے۔
تاجر رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم سیکریٹریٹ میں بیٹھے کچھ لوگ یہ پالیسیاں بنا رہے ہیں، ہمارے مسائل کی جڑ وزیر اعظم سیکریٹریٹ ہی ہے، تیس نومبر کو گھیراؤ کر یں گے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔