سیالکوٹ کی رہائشی خاتون نے شوہر کے مذاق پر خودکشی کی یا انہیں قتل کیا گیا، خاتون کی موت پولیس کے لیے معمہ بن گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے کوٹلی لوہاراں میں تین کم سن بچوں کی ماں فوزیہ کی موت معمہ بن گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش اسپتال پہنچائی گئی تھی، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق خاتون کے سسرالوں نے بتایا ہے کہ دبئی میں مقیم شوہر محمد رمضان سے فوزیہ کی چھ سال قبل پسند کی شادی ہوئی تھی۔
سسرال والوں نے پولیس کو بتایا کہ شوہر رمضان نے فون پر بیوی سے مذاق میں کہا کہ اس نے دوسری شادی کرلی ہے جس کے بعد فوزیہ نے خودکشی کرلی۔
خاتون کے سسرال والوں کے مطابق بیوی نے شوہر کو آخری ویڈیو پیغام میں کہا کہ دس منٹ میں مجھے سچ بتاؤ ورنہ میں خودکشی کرلوں گی، شوہر کا جواب نہ ملنے پر فوزیہ نے پھندا گلے میں ڈال کر خودکشی کرلی۔
دوسری جانب فوزیہ کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ سسرال والے بیٹی پر اکثر تشدد کرتے تھے، اس کو قتل کرکے لاش پنکھے سے لٹکائی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔