اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اب گھر بیٹھے 24 گھنٹے میں پاسپورٹ حاصل کیا جاسکے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ فاسٹ ٹریک کے ذریعے پاسپورٹ اپلائی کریں گے تو 24 گھنٹے میں گھر پر مل جائے گا۔
شیخ رشید نے بتایا کہ فاسٹ ٹریک سروس شروع کی گئی ہے، اس سروس سے گھر بیٹھے پاسپورٹ 24 گھنٹے میں حاصل کیا جاسکے گا۔
شیخ رشید احمد نے بتایا کہ اس سروس سے پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور کراچی کے شہری استفادہ کرسکیں گے۔
Now get your passport within 24 hours. Avail DGIP FAST TRACK SERVICE. https://t.co/n4y0fplQxm
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) December 14, 2021
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے آئندہ سال سے ای پاسپورٹ کے اجرا کا فیصلہ کیا تھا۔
ای پاسپورٹ کے اجرا کو ایک اہم اقدام کے طور پر بیان کیا جا رہا ہے، جو موجودہ مینوئل سسٹم میں تمام رکاوٹوں کو ختم کرنے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آسانی سے آن لائن درخواستوں پر کارروائی کرنے میں مدد کرے گا۔
خیال رہے مائیکرو چپ کارڈ کے حامل اس پاسپورٹ میں درخواست گزار کی تمام تر تفصیلات محفوظ ہوں گی، چپ میں محفوظ مسافر کے کوائف اور سفری تفصیلات امیگریشن اور نادرا کے سسٹم سے لنک ہوں گی۔