لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے بیٹے جنید صفدر کا ولیمہ آج لاہور میں ہوا اور اس حوالے سے تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوت ولیمہ کی تقریب جاتی امرا میں منعقد کی گئی، جس میں قریبی عزیز اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
جنید صفدر کی دعوت ولیمہ میں مہمانوں کے لیے مٹن قورمہ، چکن بریانی، سوپ اور گاجر کا حلوہ رکھا گیا۔
ولیمے کی تقریب میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب سمیت قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
اس موقع پر مریم نواز نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے ساتھ تصویریں بنوائیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
یاد رہے کہ جنید صفدر کا نکاح عائشہ سیف سے رواں برس اگست میں لندن میں ہوا تھا جس کی تصاویر اور ویڈیوز کئی روز تک سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث رہی تھیں۔