بدھ, اگست 12, 2026
اشتہار

انٹرنیٹ صارفین کے لیے بڑی خبر، ملک میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے راہ ہموار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (08 جنوری 2026): رواں برس فروری میں ملک میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے راہ ہموار ہو گئی، وفاقی حکومت نے 5G اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پالیسی ڈائریکٹو جاری کر دیا۔

ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 15 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جن کی سہولت کے لیے اب 700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈ میں سپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی، وفاقی حکومت نے پی ٹی اے کو شفاف اور مسابقتی نیلامی کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

پالیسی ڈائریکٹو کے مطابق 2014 سے 2021 تک مختلف بینڈز میں اسپیکٹرم نیلام ہو چکا ہے، اس نیلامی میں موجودہ موبائل آپریٹرز اور نئے سرمایہ کار حصہ لے سکیں گے، 700 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی بنیادی قیمت 65 لاکھ ڈالر فی میگا ہرٹز مقرر کی گئی ہے، جب کہ 1800 اور 2100 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی قیمت 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالر فی میگا ہرٹز مقرر کی گئی ہے۔

2300 میگا ہرٹز بینڈ کے لیے قیمت 10 لاکھ ڈالر فی میگا ہرٹز، 2600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی بنیادی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار ڈالر، اور 3500 میگا ہرٹز بینڈ کی قیمت 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر فی میگا ہرٹز مقرر کی گئی ہے۔

جدید اور سستی موبائل سروسز کی فراہمی ! باضابطہ پالیسی کا نفاذ

پالیسی ڈائریکٹو کے مطابق اسپیکٹرم فیس پاکستانی روپے میں ادا ہوگی، ڈالر ریٹ لاک ہوگا، فائیو اسپیکٹرم ٹیکنالوجی نیوٹرل ہوگا، کسی ایک ٹیکنالوجی کی پابندی نہیں ہوگی، نیلام شدہ اسپیکٹرم تمام موجودہ اور آئندہ ٹیکنالوجیز کے لیے قابلِ استعمال ہوگا۔

فائیو لائسنس میں مرحلہ وار نیٹ ورک رول آؤٹ لازمی ہوگا، رول آؤٹ میں شہروں، سائٹس اور فائبر ٹو ٹاور اہداف شامل ہوں گے، صارفین کے لیے بہتر کوالٹی آف سروس شرائط نافذ کی جائیں گی، اور کامیاب بولی دہندگان کو 15 سال کے لیے نیا لائسنس جاری ہوگا، جب کہ اسپیکٹرم ٹریڈنگ اور شیئرنگ کی اجازت لائسنس کا حصہ ہوگی۔

وفاقی حکومت نے فروری کے وسط میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، جب کہ وفاقی حکومت کے پالیسی ڈائریکٹو کے بعد پی ٹی اے انفارمیشن میمورنڈم جاری کرے گا۔

اہم ترین

علیم ملک
علیم ملک
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں

مزید خبریں