جمعہ, نومبر 8, 2024
اشتہار

6 منٹ کی سخت ورزش کا حیران کن نتیجہ، نئی تحقیق

اشتہار

حیرت انگیز

طبی ماہرین نے ایک تحقیق کے ذریعے انکشاف کیا ہے کہ محض 6 منٹ کی سخت ورزش آپ کے دماغ میں ایک اہم مالیکیول کو بڑھا دیتی ہے، جو دماغی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔

یہ ریسرچ اسٹڈی نیوزی لینڈ کی یونیورسٹی آف اوٹاگو میں کی گئی جو جرنل آف سائیکولوجی نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ چھ منٹ کی تیز رفتار ورزش سے حیران کن طور پر دماغ میں ایک اہم پروٹین کی پیداوار بڑھ جاتی ہے، یہ پروٹین دماغ کی بناوٹ، افعال اور یادداشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور اس پروٹین کی کمی یا خرابی کی وجہ سے الزائمر کی بیماری جیسا کہ نیوروڈیجینریٹیو عوارض ابھرنے لگتے ہیں۔

زیربحث خصوصی پروٹین کو ’دماغ سے ماخوذ نیوروٹروفک فیکٹر‘ (BDNF) کہا جاتا ہے، اور یہ دماغ میں نیورون سیلز کی نشوونما اور بقا دونوں کو فروغ دیتا ہے، ساتھ ہی ساتھ نئے روابط اور سگنل لانے لے جانے والے راستوں کی نشوونما میں سہولت فراہم کرتا ہے۔

- Advertisement -

تحقیق سے یہ نتیجہ برآمد ہوا ہے کہ صرف چھ منٹ کی سخت اور تیز ورزش آپ کو دماغی امراض سے بچا سکتی ہے۔

ریسرچ کیسے کی گئی؟

محققین نے جسمانی طور پر فعال 12 رضاکاروں کو ریسرچ اسٹڈی کے لیے منتخب کیا، جن کی عمریں 18 سے 56 سال کے درمیان تھیں۔ ان تمام شرکا کو تین مختلف طریقوں کے ذریعے جانچا گیا، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دماغ میں بی ڈی این ایف کی پیداوار بڑھانے کے لیے کون سا طریقہ بہترین ہے۔

ان تین طریقوں میں 20 گھنٹے کا روزہ، 90 منٹ سائیکل چلانا، اور 6 منٹ کی بھرپور سائیکلنگ شامل تھی۔

مختصر وقت کے لیے تیز رفتار یعنی سخت سائیکلنگ نے اس پروٹین کی پیداوار بڑھانے حیران کن نتائج فراہم کیے، درحقیقت، اس نے خون میں بی ڈی این ایف کی سطح کو 4 یا 5 گنا بڑھایا، اس کے برعکس ہلکی ورزش کے بعد معمولی اضافہ نوٹ کیا گیا، تاہم روزے کے ساتھ کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ دماغ کو صحت مند رکھنے اور بیماری سے بچانے کے لیے زیادہ شدت والی ورزش ایک آسان اور سستا طریقہ ہے۔

نیوزی لینڈ کی یونیورسٹی آف اوٹاگو سے تعلق رکھنے والے ماحولیاتی فزیالوجسٹ ٹریوس گبنس کا کہنا ہے کہ دوا ساز کمپنیاں اب تک انسانوں میں اس اہم پروٹین کی پیداوار بڑھانے اوراس کی طاقت کو محفوظ طریقے سے استعمال کرنے میں ناکام رہی ہیں، حالاں کہ جانوروں کے ماڈلز میں اس کی کارکردگی اچھی رہی۔ لہذا انھوں نے اس کے لیے غیر روایتی طریقوں کو تلاش کیا، جو اس پروٹین کی پیداور کو بڑھا کر اسے مستقبل میں استعمال کرتے ہوئے دماغی امراض سے بچا سکے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں