قدرت کے حسین نظاروں کے شوقین افراد کے لیے آج 12 اگست 2026 کی رات ایک دلچسپ فلکیاتی منظر دیکھنے کا بہترین موقع ہے جس میں 6 سیارے ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
جب سورج طلوع ہونے سے قبل آسمان پر 6 سیارے مشتری، عطارد، مریخ، زحل، یورینس اور نیپچون ایک ہی سمت میں قطار کی صورت میں دکھائی دیں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق ان سیاروں میں مشتری، عطارد، مریخ، یورینس، زحل اور نیپچون شامل ہوں گے تاہم تمام سیاروں کو کھلی آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ 6 سیاروں کی یہ قطار طلوعِ آفتاب سے قبل دیکھی جاسکے گی، سیارے مشرقی افق سے جنوب مغربی آسمان تک ایک قوس کی شکل میں نظر آئیں گے۔
اسٹار واک کی رپورٹ کے مطابق مریخ اور زحل نسبتاً آسانی سے کھلی آنکھ سے دیکھے جا سکیں گے جبکہ عطارد افق کے قریب ہونے کے باعث قدرے مشکل سے نظر آئے گا، مشتری بھی افق کے قریب اور صبح کی روشنی میں ہونے کی وجہ سے اسے دیکھنا مشکل ہوگا۔
یورینس کو دیکھنے کے لیے دوربین یا بائنوکیولرز جبکہ نیپچون کے لیے ٹیلی اسکوپ درکار ہوگی، اس فلکیاتی قطار میں زہرہ شامل نہیں ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اس منظر کو دیکھنے کا بہترین وقت سورج طلوع ہونے سے قبل ہے، مشرقی افق سے آسمان کی جانب دیکھنے پر ان سیاروں کو باآسانی تلاش کیا جاسکے گا۔
سیاروں کی درست پوزیشن اور مشاہدے کے بہترین وقت کا انحصار مقام، مقامی طلوعِ آفتاب، افق کی صورتحال اور آسمان کی شفافیت پر منحصر ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تمام چھ سیارے واضح طور پر نظر نہ بھی آئیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ خاص طور پر عطارد اور مشتری کے افق کے قریب ہونے کے باعث دو یا تین سیاروں کو کھلی آنکھ سے دیکھ لینا بھی کامیاب مشاہدہ تصور کیا جائے گا۔


