تازہ ترین

مواد کی خلاف ورزی، گوگل پر اربوں روپے جرمانہ

ماسکو: روس نے گوگل کو مواد کی خلاف ورزی کرنے پر 98 ملین ڈالر جرمانہ کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی عدالت نے ملک کے ضوابط کی خلاف ورزی پر گوگل پر 98 ملین ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔

روسی عدالت نے مواد کو ہذف کرنے میں بار بار ناکامی پر جرمانہ کیا۔

دوسری جانب گوگل کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے مواد کی وضاحت نہیں کی گئی تھی، عدالتی دستاویزات کو دیکھ کر آئندہ اقدامات کا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ویب سائٹ گوگل سے نمبر ون کا اعزاز چھن گیا تھا اور اس کی جگہ ٹک ٹاک نے لے لی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹک ٹاک کے ہاتھوں گوگل کو بڑی شکست

امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی سیکیورٹی فراہم کرنے والی کمپنی کلاؤڈ فلیئر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ٹک ٹاک کا ڈومین ( ویب ایڈریس) گوگل کو مات دے کردنیا بھر میں صف اول ہوگیا۔

2020 میں نمبر ون کا اعزاز گوگل کے پاس تھا، دوسرے نمبر پر فیس بک اور ٹک ٹاک اس فہرست میں ساتویں نمبر پر تھا۔

یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں فرانس کے مسابقی ادارے نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر 50 کروڑ یوروز (9 ارب 41 کروڑ پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کیا تھا۔

فرانسیسی مسابقتی ادارے نے گوگل کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ دو ماہ کے اندر ایسی تجاویز نہیں پیش کرسکا جن میں یہ بتایا جائے وہ ناشر اور نیوز ایجنسیوں کو ان کے مواد کے عوض کس طرح ادائیگی کرے گا تو اس پر یومیہ 9 لاکھ یوروز کے حساب سے جرمانہ لگے گا۔

Comments

- Advertisement -