خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقوں بٹگرام، شانگلہ، بشام، مانسہرہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
جزلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز 10 کلو میٹر شمال مغرب میں بالا کوٹ کا علاقہ تھا۔
واضح رہے کہ آج صبح بھی صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 226 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان تھا۔