کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھر سے 12 سالہ بچی کی پھندا لگی لاش ملنے کے واقعے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بچی انوشہ کو مبینہ طور پر گلا دبا کر مارنے کا انکشاف ہوا، پولیس نے مقتولہ بچی کے بھائیوں کا خصوصی بیان حاصل کرلیا۔
ایس ایس پی سہائی عزیز کے مطابق کمسن بھائیوں نے بتایا کہ ایک لڑکا گھر پر آٰیا تھا، بہن کو زمین پر لٹا کر گلا دبا رہا تھا، وہ انکل ہمیں بھی مار رہے تھے انہوں نے کہا کہ تمہیں بھی ماردوں گا۔
سہائی عزیز کا کہنا ہے کہ بچوں کا بیان بھی اہمیت کا حامل ہے، معاملے کو ہر زاویے سے دیکھ رہے ہیں، فیملی انتہائی غریب ہے گھر میں برتن تک نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں: اورنگی ٹاؤن : گھر سے 12سالہ بچی کی پھندا لگی لاش برآمد
ایس ایس پی نے بتایا کہ ڈی ایس پی جعفر بلوچ کی سربراہی میں ٹیم بنادی ہے، موت کی اصل وجہ کیا ہے یہ جاننا ضروری ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد صورت حال واضح ہوگی۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھر سے بچی کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی، بچی کے گلے میں رسی بندھی ہوئی تھی۔
اورنگی ٹاؤن پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر مزید کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا تھا۔