ویٹی کن: مسیحی برادری کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کا کہنا ہے کہ دنیا بحرانوں اور حادثات پر بے حس ہوچکی ہے۔
کرسمس کے موقع پر ویٹی کن سٹی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں مسیحی برادری کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا بحرانوں اور حادثات پر بے حس ہوچکی ہے، رونما ہونے والے بحرانوں کا بہت کم ہی نوٹس لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وبا کے اثر سے عالمی تنازعات کو حل کرنے کے لیے دنیا کا عزم کمزور پڑ گیا ہے، مل کر آگے چلنے اور مقابلہ کے بجائے جان چھڑانے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔
پوپ فرانسس نے کہا کہ تنازعات، جھگڑوں اور بحرانوں میں اضافہ ہورہا ہے، شام،عراق، یمن جیسے تنازعات کو ہر کسی نے نظر انداز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ فلسطین اور اسرائیل کے تنازع کو ذہن میں رکھیں، لبنان میں معاشی اور سماجی بحران سے بھی غافل نہ ہوں۔
پوپ فرانسس نے افغانستان کے لوگوں کی مشکلوں کو دور کرنے کے لیے دعا کی، انہوں نے میانمار میں تشدد کا نشانہ بننے والوں کے لیے بھی دعا کی۔