لاہور میں سال نو پر موسیقی کی تقریبات اور آتشبازی پر پابندی عائد کردی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں نیو ایئر نائٹ پر موسیقی کی تقریبات اور آتشبازی پر پابندی ہوگی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیو ایئرنائٹ پر سیکیورٹی خدشات کے تحت عوامی اجتماع، کنسرٹ اور موسیقی کی تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق فضائی آلودگی، اسموگ کے مسائل اور آتش بازی کی آڑ میں ہوائی فائرنگ کے خدشات کے پیش نظر آتش بازی کے لیے دی جانے والی تمام درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں سال نو کے دوران آتش بازی کی اجازت کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواستیں بھیجی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور متعدد افراد فائرنگ سے زخمی ہوجاتے ہیں۔