فیصل آباد میں سویاں کھانے پر والدین نے 13 سالہ بیٹی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد کے علاقے اکبر ٹاؤن میں سویاں کھانے پر سوتیلی ماں اور سگے باپ نے 13 سالہ بیٹی زینب کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے والدین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
متاثرہ بچی زینب کا کہنا ہے کہ پائپ اور تاروں سے مارا گیا، والدین معمولی معمولی بات پر تشدد کرتے تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بچی زینب کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تحویل میں لے لیا اور چائلڈ پروٹیکشن افسر روبینہ اقبال کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ باپ ساحل اور سوتیلی ماں اسما کے خلاف مقدمے میں چار دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن ٹیم گھر پہنچی تو زینب نیم بیہوش کی حالت میں ملی، والدین نے قتل کی نیت سے آہنی راڈ اور گیس پائپ سے زینب کو مارا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان لوہے کا راڈ گرم کرکے بچی کا جسم داغ دار کرتے تھے، ملزمان کو کل علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔