سندھ کے شہر خیرپور میں مسلح افراد ماں کی گود سے اس کا لخت جگر چھین کر فرار ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیرپور میں مسلح افراد راہگیر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گود سے دو سال کا بیٹا چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔
پیروسن تھانے کی حدود میں کاجل نامی خاتون بچے کا ڈاکٹر سے معائنہ کروانے کے بعد پیدل گھر جارہی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون بچے کے چھن جانے پر آبدیدہ ہوتے ہوئے مدد کے لیے لوگوں کو پکار رہی ہیں۔
موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر دو سالہ بچے ذیشان کو اغوا کرلیا، خاتون مدد کے لیے پکارتی رہی، خاتون کی آوازیں سن کر علاقہ مکین پہنچے لیکن مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے اغوا کی اطلاع پر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو جلد بازیاب کروالیا جائے گا اور ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔