لاہور : کرونا وائرس کے تصدیق شدہ و مشتبہ مریضوں میں 60 فیصد کمی کا انکشاف سامنے آیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر میں اوسطاً کورونا ٹیسٹ 4 ہزار کے لگ بھگ کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی ڈیٹاسورس تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں لاہور میں کورونا کے تصدیق شدہ ومشتبہ مریضوں میں 60 فیصد کمی کا انکشاف ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں 8سرکاری لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں اور 8 سرکاری لیبارٹریوں کی یومیہ ٹیسٹنگ استعداد 5750 ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر میں اوسطاً کرونا ٹیسٹ 4 ہزار کے لگ بھگ کیے جا رہے ہیں، گذشتہ 7 روز سے یومیہ مریضوں کی تعداد 200 سے زائد سامنے آ رہی ہے جبکہ جولائی سے پہلےیومیہ مریضوں کی تعداد 1000سے زائد تھی۔
رپورٹ کے مطابق شہر کی 8 سرکاری لیبارٹریوں میں صرف پنجاب ریفرنس لیب میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، نسٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ، پی کے ایل آئی، جناح ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال میں کیسپسٹی سے کم ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
سیکرٹری صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری کیپٹین ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا ہے کہ شہر کی لیبارٹریوں میں معمول کے مطابق ٹیسٹ جاری ہیں، گذشتہ چند دنوں میں پازیٹو ٹیسٹ کی شرح 50 فیصد تک کم ہوئی ہے، اسپتالوں میں تشویشناک اور علامات والے مریضوں میں کمی ہوئی ہے۔