کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹس پر اقدامات سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایئر پورٹس کے رن وے ایریاز میں ملازمین کے اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا سی اے اے نے سرکلر بھی جاری کردیا ہے۔
سی اے اے حکام کے مطابق گراؤنڈ ہینڈلنگ میں شامل لوڈر ہیلپر، پورٹرز اسمارٹ فون استعمال نہیں کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق رن وے ایریاز میں اسمارٹ فون کا استعمال نقصان کا سبب بن سکتا ہے اسی لیے اسمارٹ فون پر پابندی کا فیصلہ اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ رن وے ایریاز پر ڈیوٹی کرنے والے رابطوں کے لیے سادہ فون استعمال کر سکیں گے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے سمیت تمام ایئرلائنز کو نئے حکم نامے پر عملدرآمد کی ہدایات کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سول ایوی ایشن حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر کراچی ایئر پورٹ کو سولر انرجی پرمنتقل کرنے کے لیے دستاویزی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
سولر انرجی پر منتقلی کے لیے فزیبلٹی پلان کی تشکیل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
ڈی جی سی اے اے خاقان مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی پرمنتقلی سے اخراجات کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہوگی۔