The news is by your side.

Advertisement

کوہ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرلی

اسلام آباد: پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی ’کنچن چنگا‘ سر کرلی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کوہ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی ’کنچن چنگا‘ سر کرنے کا اعزاز پاک فوج کے شہدا کے نام کردیا۔

نیپال میں دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی ’کنچن چنگا‘ کی اونچائی 8586 میٹر ہے۔

واضح رہے کہ شہروز کاشف نے کیریئر کی 8 ہزار سے زائد اونچائی کی چھٹی چوٹی سر کی ہے۔

گزشتہ برس شہروز کاشف 19 سال کی عمر میں دنیا کی دوسری بلند اور مشکل ترین چوٹی کے ٹو (8611 میٹر) پر پہنچ کر اس چوٹی کو سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما بن گئے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کے ٹو کو سر کرنے والے سب سے کم عمر کوہ پیما ہونے کا اعزاز محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ کے پاس تھا جنھوں نے 2019 میں 20 سال کی عمر میں کے ٹو کو سر کیا تھا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز، کے ٹو اور ماؤنٹ ایورسٹ کے علاوہ براڈ پیک بھی سر کر چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر لوگ انھیں ’براڈ بوائے‘ کے نام سے جاتے ہیں۔

شہروز نے ماؤنٹ ایورسٹ (8848 میٹر)، براڈ پیک (8047 میٹر) کے علاوہ مکڑا پیک (3885 میٹر)، موسی کا مصلہ (4080 میٹر) چمبرا پیک (4600 میٹر)، منگلک سر (6050 میٹر)، گوندوگرو لا پاس (5585 میٹر)، خوردوپن پاس (5800) اور کہسار کنج (6050 میٹر) کو بھی سر کر رکھا ہے۔

سنہ 1953 میں ایک امریکی کوہ پیما نے اس خوبصورت پہاڑ کو ’سیویج ماؤنٹین‘ یعنی خونی پہاڑ کا نام دیا تھا۔ آٹھ ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں کے ٹو پر ہونے والی اموات کی شرح سب سے زیادہ ہے جسے سر کرنے کی کوشش کرنے والے اوسطاً ہر چار میں سے ایک کوہ پیما کی موت واقع ہو جاتی ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں