The news is by your side.

Advertisement

لاہور میں میٹرک کی طالبہ کو گھر سے اغوا کرلیا گیا

لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں میٹرک کی طالبہ کو گھر سے اغوا کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے تھانہ نشتر کالونی کی حدود سے تین مسلح افراد گھر سے والدہ کے سامنے 14سالہ طالبہ کو اغوا کرکے لے گئے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق شاہد نامی ملزم نے دو ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں گھس کر بیٹی کو اغوا کیا، ملزمان اسلحہ کے زور پر لڑکی کو اغوا کرکے رکشے میں فرار ہوئے۔

اہلخانہ نے ایف آئی آر میں موقف اپنایا کہ اسلحہ بردار ملزمان جاتے ہوئے اہلخانہ کو گھر میں بند کرگئے۔

مغوی لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹی کو میرے اور دوسری بیٹیوں کے سامنے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا، منہ پر رومال لپیٹے تین افراد گھر میں آئے اور بیٹی کو اغوا کرکے رکشے میں ساتھ لے گئے۔

طالبہ کی والدہ کے مطابق اغوا کاروں نے جاتے ہوئے گھر کی باہر سے کنڈی لگا کر ہمیں بند کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محلے والوں نے دیکھا کہ اسلحہ بردار اغوا کار بیٹی کو گھر سے لے گئے، واقعے کا مقدمہ پولیس نے نامزد ملزم شاہد عباس کے خلاف درج کیا ہے۔

مغوی لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ پولیس اب تک بیٹی کو بازیاب نہیں کرواسکی ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں