تازہ ترین

سات سالہ بچی بنیادی ضرورت نہ ملنے پر والد کے خلاف تھانے پہنچ گئی

نئی دہلی: بھارتی ریاست تامل ناڈو کی سات سالہ بچی نے ’بیت الخلاء‘ نہ بنانے پر والد کو پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 سالہ حنیفہ زارا نے پولیس کو خط تحریر کیا کہ اُس کے والد نے گھر میں بیت الخلا بنانے کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں کیا لہذا انہیں گرفتار کیا جائے۔

حنیفہ نے خط میں لکھا کہ اُسے رفع حاجت کے لیے باہر جانے میں شرم محسوس ہوتی ہے اس لیے وہ کئی سالوں سے اپنے والد کے پیچھے پڑی ہے کہ گھر میں باتھ روم بنا کر دیا جائے۔

سات سالہ طالبہ نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ والد نے نرسری کلاس میں وعدہ کیا تھا کہ اگر میں کلاس میں پہلے نمبر پر آئی تو وہ مجھے گھر میں باتھ بنانے کا تحفہ دیں گے، میں آج تیسری کلاس میں ہوں اور ہر کلاس میں اول پوزیشن حاصل کی مگر والد نے ابھی تک اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: دنیا کی 62 فیصد آبادی بیت الخلا کی سہولت سے محروم

بچی نے پولیس سے استدعا کی کہ وعدہ خلافی کرنے کے جرم میں اُس کے والد کو گرفتار کیا جائے یا پھر پولیس اُن سے معاہدے کرے کہ آخر وہ کتنے دن میں بیت الخلاء تعمیر کرکے دیں گے۔

چنائی سے 100 کلومیٹر مسافت پر واقع امبر ٹاؤن کے پولیس آفیسر ’والار متھی‘ نے حنیفہ کے والد کو فون کیا اور انہیں فوری طور پر تھانے طلب کیا اور آگاہ کیا کہ آپ کی بچی اور اہلیہ تھانے میں موجود ہیں۔

حنیفہ کے والد احسان اللہ نے تھانے پہنچ کر مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے وعدے کے مطابق بیت الخلا کی تعمیر شروع کردی مگر بے روزگاری کی وجہ سے وہ اسے گزشتہ دو سالوں سے مکمل نہیں کرپارہے، جیسے ہی روزگار کا بندوبست ہوگا اسے مکمل کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بیت الخلاء سے محروم ممالک میں بھارت کا پہلا نمبر

بچی کا کہنا تھا کہ ’پڑوسیوں کے گھروں میں بیت الخلاء کی سہولت موجود ہے، میرا بھی دل چاہتا ہے کہ گھر میں رفع حاجت کروں کیونکہ اب میں بڑی ہوگئی‘۔

پولیس آفیسر نے اپنی مدد آپ کے تحت گاؤں میں پانچ سو بیت الخلا تعمیر کرنے کا اعلان کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی اپنے طور پر کچھ اقدامات کرے۔

یاد رہے کہ عالمی ادارہ براہ صحت یونیسیف کی حالیہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں پانچ کروڑ سے زائد افراد کو بیت الخلاء کی سہولت میسر نہیں اور وہ کھلے عام رفع حاجت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیت الخلا کی عدم موجودگی سماجی مسئلہ؟

یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ نریندی مودی نے اپنے مہم کے دوران ملک بھر میں 100 کروڑ بیت الخلا تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔

Comments

- Advertisement -