پنجاب کے شہر لیاقت پور میں کھلے گٹر میں گر کر کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق افسوسناک واقعہ لیاقت پور کے نواحی علاقے شمس کالونی میں پیش آیا جہاں کمسن بہن بھائی کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔
آٹھ سال کی مقدس اور دس سال کا ریحان گھر کے باہر کھیلتے ہوئے مین ہول میں گرے۔
ریسکیو اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل ہی بچے دم توڑ گئے، لواحقین کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے گھر کے باہر مین ہول کھلا ہوا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کھلے مین ہول بند کیے جائیں۔
لیاقت پور میں کھلا گٹر بہن بھائی کی جان لے گیا#ARYNews pic.twitter.com/lLzvY5JasE
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) August 30, 2023
واضح رہے کہ رواں ماہ کراچی کے علاقے ملیر میں کمسن بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا۔
بچے کی لاش کو علاقه مکینوں نے مین ہول سے باہر نکالا جس کی شناخت نعمان ابڑو کے نام سے ہوئی تھی، بچے کے والد رحمت کا کہنا تھا کہ میرے 4 بچے ہیں نعمان اکلوتا بیٹا تھا، ہم میمن گوٹھ کے رہائشی ہیں اور گھر سے کچھ دور دعوت میں آئے تھے، بچہ گھر سے نکل کر باہر کھیلنے گیا اور لاپتہ ہو گیا۔
والد رحمت کا کہنا تھا کہ سب جگہ بچے کو ڈھونڈا لیکن وہ کہیں نہیں ملا جس کے بعد شک ہونے پر میں ہول کو چیک کیا تو نعمان اس میں پڑا ہوا تھا۔