لاہور: الیکشن کمیشن نے این اے 75 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 8 ارکان اسمبلی پر جرمانہ عائد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 75 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر رانا ثنا اللہ سمیت 8 ارکان اسمبلی پر جرمانہ عائد کردیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم پر بھی جرمانہ عائد کردیا۔
الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی ارمغان سبحانی پر بھی جرمانہ عائد کیا، ارکان اسمبلی رانا عبدالستار،
چوہدری نوید اشرف، رانا افضل اور وقار چیمہ پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 75 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کل ہوگی، انتخابی عملہ سامان کے ساتھ پولنگ اسٹیشنزپہنچ گیا، حلقے میں ن لیگ اور تحریک انصاف میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
ضمنی انتخاب کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا تھا۔
نوٹس این اے75 کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جاری کیا گیا تھا۔ فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی امیدوار علی اسجدملہی کیساتھ پریس کانفرنس کی تھی۔