تازہ ترین

ساہیوال: سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

ساہیوال: ڈی ایچ کیو اسپتال میں اے سی خرابی کے باعث گرمی سے چوبیس گھنٹے میں 8 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال کے سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں اے سی خراب ہونے سے 8 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے، ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ 5 بچوں کی اموات وارڈ میں اے سی چلتے ہوئے ہوئیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ نے واقعے کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔

عثمان بزدار نے واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد کے تعین اور ان کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری طرف ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ رفاقت علی ساہیوال ٹیچنگ اسپتال پہنچ گئے۔

ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ رفاقت علی کا کہنا ہے کہ 3 بچوں کی اموات اے سی بند ہونے کی وجہ سے ہوئیں، چلڈرن وارڈ کے اسٹاف کے بیانات قلم بند کر لیے گئے ہیں، انکوائری رپورٹ شام تک مکمل کر کے سیکریٹری ہیلتھ کو پیش کی جائے گی، ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کا اسپتال کا اچانک دورہ، والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام ’عمران خان‘ رکھ دیا

ساہیوال کے ڈپٹی کمشنر میاں زمان وٹو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں چلڈرن وارڈ کا ایئر کنڈیشنر خراب ہو گیا تھا جس کے باعث وارڈ میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔

ڈی ایچ کیو اسپتال میں بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

ادھر ترجمان وزارت صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے، مکمل تحقیقات کر کے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تحقیقاتی رپورٹ کے بعد حقایق سامنے آئیں گے۔

Comments

- Advertisement -