اسلام آباد : ایف آئی اےکی رپورٹ میں کہا دبئی میں جائیدادیں رکھنےوالے پاکستانیوں کی تعداد895 ہے، تین سو چوہتر نے ایمنسٹی اسکیم کےتحت جائیداد ظاہرکی جبکہ پاکستان کے35 سیاستدان دبئی جائیدادوں کے مالک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق عبوری رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی ، جس میں بتایا گیا ہے کہ دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کی تعداد 895 ہے، جس میں سے 674 نے ایف آئی اےمیں بیان حلفی جمع کرا دیئے جبکہ 374 پاکستانیوں نے ایمنسٹی اسکیم کے تحت جائیدادیں ظاہر کیں، جائیدادیں ظاہرکرنے والوں میں سے7کونیب کا سامناہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے 69 پاکستانیوں نے سالانہ ٹیکس ریٹرنزمیں دبئی کی جائیدادیں ظاہرکیں جبکہ 72 پاکستانیوں نے دبئی جائیدادیں تسلیم کرنے سے انکار کیا، ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تفصیلات سے صداقت کا تعین نہ ہوسکا، تفصیلات خفیہ رکھنے کے قانون کے باعث ایف بی آرڈیٹاسےکراس چیک نہیں کیاجاسکا اور 150 پاکستانیوں نے اسکیم سے فائدہ اٹھایا نہ ہی ایف بی آر میں جائیدادیں بتائیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ایمنسٹی اسکیم کے تحت جائیدادیں ظاہر کرنے والے پاکستانیوں میں سندھ بازی لے گیا، 894 میں سے ایمنسٹی سے فائدہ اٹھانے والے 253 افراد کا تعلق سندھ سے ہے، 100 پاکستانی پنجاب سے، اسلام آبادسے17،کےپی سے 4شامل ہیں جبکہ بلوچستان کا کوئی باسی دبئی میں جائیداد نہیں رکھتا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 894 میں سے 69 نے ٹیکس ریٹرنز میں دبئی جائیدادیں ظاہرکیں، 69 میں سے37 سندھ، 5 پنجاب، 24 اسلام آباد، 2 بلوچستان اور ایک کے پی سے ہے جبکہ 82 پاکستانیوں نے دبئی میں جائیدادیں رکھنے سے انکارکیا، جن میں 55 کا تعلق سندھ، 23 پنجاب، ایک اسلام آباد اور 3 کا کے پی سے ہے۔
ایف آئی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 220 پاکستانیوں نے دبئی جائیدادوں سےمتعلق بیان حلفی جمع نہیں کرایا، بیان حلفی جمع نہ کرانےوالوں میں 118 کا تعلق سندھ سے ہے، دبئی جائیداد رکھنے والا ایک پاکستانی مفرورہے جبکہ 13 پاکستانی انتقال کرچکے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے35 سیاستدان دبئی جائیدادوں کے مالک نکلے ہیں۔