روس سے الحاق کے لیے یوکرین کے چار علاقوں میں ہونے والے ریفرنڈم میں یوکرینی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے علاقے لوہانسک، ڈونیٹسک، کھیرسن اور زاپوریزہیا میں ریفرنڈم کے نتائج آنا شروع ہوگئے، اب تک 90 فیصد لوگ روس سے الحاق کے حق میں ووٹ کاسٹ کر چکے۔
ریفرنڈم کے لیے ووٹنگ کا وقت منگل کی شام 4 بجے ختم ہوگیا جبکہ کچھ پولنگ اسٹیشن پہلے ہی بند ہوگئے تھے۔ ریفرنڈم میں یوکرینی شہریوں کے علاوہ پناہ گزینوں اور سفارتی دستوں نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔
مزید پڑھیں: کیا روس یوکرین جنگ کا پانسہ پلٹ گیا ہے؟
واضح رہے کہ یہ چاروں علاقے روس کے زیرِ کنٹرول ہیں جہاں ماسکو کے حامی حکام نے ریفرنڈم کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ علاقے یوکرین کی تقریباً 15 فیصد آبادی ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یوکرین میں فوجی آپریشن شروع کرنے سے پہلے ہی ہم نے کہا تھا کہ ان علاقوں کے عوام کی قسمت کا فیصلہ انہی کو کرنا چاہیے۔
ریفرنڈم کے فیصلے کی امریکا اور فرانس کے صدور، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور یورپی یونین سمیت دیگر نے سخت مذمت کی تھی۔