کراچی: ایف آئی اے نے ویزہ ٹیمپرنگ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان فیملی ویزہ کو ٹیمپر کر کے انفرادی ویزہ میں تبدیل کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کراچی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ویزہ ٹیمپرنگ میں ملوث ایک منظم گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے افسر محمد آفتاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس گھناؤنے دھندے کی تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کر دیں۔
محمد آفتاب نے بتایا کہ اس نیٹ ورک کا انکشاف اس وقت ہوا جب متحدہ عرب امارات سے ایک مسافر کو ڈی پورٹ کر کے پاکستان واپس بھیجا گیا۔ ابتدائی انکوائری کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹریول ایجنسی سے وابستہ تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ یہ گروہ نہایت مہارت سے فیملی ویزہ کو ٹیمپر (رد و بدل) کر کے انفرادی ویزہ میں تبدیل کر دیتا تھا، ملزمان ہر مسافر سے اس غیر قانونی کام کے عوض تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار روپے وصول کرتے تھے۔
ایف آئی اے افسر کا کہنا تھا کہ مسافروں کو اپنی ویزہ تبدیلی اور دھوکہ دہی کا علم اس وقت ہوتا تھا جب وہ دبئی ایئرپورٹ پہنچتے تھے، جہاں انہیں داخلے سے روک کر ڈی پورٹ کر دیا جاتا۔
حیرت انگیز طور پر یہ گروہ ڈی پورٹ ہو کر آنے والے افراد کے ویزے بھی مبینہ طور پر دوبارہ ٹیمپر کر کے انہیں دھوکہ دینے کی کوشش کرتا تھا۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے قبضے سے 21 پاسپورٹس اور دیگر اہم سفری دستاویزات برآمد کرلیں جبکہ ملزمان کے موبائل فونز کے فرانزک تجزیے سے ویزہ ٹیمپرنگ کے واضح اور ناقابلِ تردید شواہد ملے ہیں۔
محمد آفتاب نے بتایا کہ یہ گروہ طویل عرصے سے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث تھا اور اب تک تقریباً 100 کے قریب ویزے ٹیمپر کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


