کراچی : صوبائی وزیر کھیل سندھ نے پنجاب کے تمام وزراء کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کوئی وزیر فٹ ہو توان کے 50پش اپس کا مقابلہ کرلے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں سندھ کے وزیر کھیل بننے والے سردار محمد بخش مہرنے پنجاب حکومت کے وزرا کی فٹنس کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کا کوئی بھی منسٹر فٹ ہے تومیرے 50پش اپس کا مقابلہ کر لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطروں کا کھلاڑی ہوں مقابلے سے نہیں گھبراتا خود بھی فٹ ہوں اورسارے کھلاڑیوں کو فٹ رکھنا چاہتا ہوں۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو جب پاک فوج کی جانب سے تربیت دی گئی تو ٹرینر نے وعدہ لیا تھا کہ میچ جیتنے پر گراﺅنڈ میں پش اپس لگائیں گے،قومی ٹیم نے میچ جیت کر وعدہ پورا کیا۔
جس کے بعد سے کھیل اور پش اپس کی باتیں زبان زد عام ہوتے ہوتے سیاست دانوں تک پہنچ چکی ہے اسی تناظر میں سندھ کے صوبائی وزیر برائے کھیل سردار محمد بخش مہرکا اپنے ہم منصبوں کو پش اپس کا چیلینج سامنے آیا ہے۔
بیان بازی ایک طرف لیکن وزراء برائے کھیل کی کارکردگی کا اندازہ ریواولمپکس میں پاکستان کے مختصر ترین سات رکنی دستے کی شرکت سے لگایا جا سکتا ہے،سات رکنی دستے میں بھی تین کھلاڑی بیرون ممالک میں مقیم ہیں اور ان میں سے کسی بھی پاکستانی کھلاڑی نے براہ راست کوالیفائی نہیں کیا بلکہ ان کی انٹری وائلڈ کارڈ یا مخصوص کوٹے کے باعث ہوئی۔