لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے اعلان کیا کہ بڑی وکٹ گرنے والی ہے، 2 دن بعد خواجہ آصف کا فیصلہ آگیا، عمران خان کس نے آپ کو بتایا وکٹ گرنے والی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نواز شریف نے کہا کہ عمران خان آپ نے تو کہا تھا زرداری سب سے بڑی بیماری ہے، جہاں زرداری جائیں گے میں نہیں جاؤں گا، لاہور میں جلسہ ہوا اور آپ وہاں گئے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاست میں داخل موصوف نے دھرنے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں کیا، عمران خان نے پگریاں اچھالنے کے بجائے کوئی اور کام کیا ہے، انہوں نے کے پی کا سر بھی سر شرم سے جھکا دیا ہے، ن لیگ انشاء اللہ کے پی کے میں بھی کامیاب ہوگی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے ہزاروں جانیں قربان کی، پاک فوج، پولیس کے جوانوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شہید ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جب میں وزیر اعظم تھا تو کہا تھا اپنے گھر کو سنوارو، پاکستان کی بات سننے کو کوئی تیارنہیں تھا، جب میں نے بات کی تو ڈان لیکس بنادیا گیا، ہم نے ہزاروں جانیں قربان کیں، ملک میں امن قائم کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ میں نے پاکستان کا ایٹمی پروگرام بنایا، مجھے نااہل کردیا گیا، اورنج لائن پر کام بند رہا ہے کیا اورنج لائن ٹرین حکومت یا ن لیگ کی ذاتی ٹرین ہے، اورنج لائن ٹرین تو لوگوں کی خدمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں جو کچھ ہوا سپریم کورٹ نے اس کا کوئی ازخود نوٹس نہیں لیا، بلوچستان میں جو کرنا چاہتے تھے وہاں کچھ لوگوں نے کرنے نہیں دیا، ایسا چیئرمین سینیٹ بنادیا گیا جس کو کوئی جانتا ہی نہیں تھا، پیسہ چلا کر لوگوں کو سینیٹر بنوایا گیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ غلطیاں انسان کرتا ہے، گناہ بھی ہوجاتے ہیں مگر ہم حق پر ہیں۔ ہم سے کچھ نیک لوگ بھی موجود ہیں، سب سے غلطیاں ہوتی ہیں، آپ کا ضمیر کہہ رہا ہے کہ یہ ٹھیک نہیں ہے تو جھکنا نہیں چاہئئے، مسلم لیگ ن کے کارکنان ہمارا ہر اول دستہ ہیں، مخالفین جتنی بھی تنقید کرلیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔