اسلام آباد : جعلی اکاؤنٹ اور منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور پیش نہیں ہوئیں، انہوں نے نئی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست دے دی، کیس کی آئندہ سماعت پیر کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹ اور اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے طلب کیے جانے پر سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ اور نو منتخب ایم این اے فریال تالپور ایف آئی اے کے روبرو پیش نہیں ہوئیں، جے آئی ٹی ارکان انتظار کرتے رہے، جونیئر وکیل نے پیشی کیلئے نئی تاریخ کی استدعا کر دی۔
فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپورنے ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، فریال تالپور ایف آئی اے سے مکمل تعاون کرناچاہتی ہیں، وہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لیے لاڑکانہ میں ہیں۔
لہٰذا فریال تالپور آج ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوں گی، ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کی تبدیلی اور نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے ڈی جی ایف آئی اے کو درخواست بھی دے دی۔
اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم نے جے آئی ٹی کو اہم شواہد پیش کردیئے ہیں اور پینتیس ارب میں سے تئیس ارب روپے کی منی ٹریل حاصل کرلی گئی ہے۔
فریال تالپورکی نئی جے آئی ٹی کی درخواست اور جعلی اکاؤنٹ کیس کی سماعت پیر کو ہوگی جس میں ایف آئی اے کی ٹیم عملدرآمد رپورٹ پیش کرے گی۔ یاد رہے کہ جے آئی ٹی نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو اسلام آباد طلب کیاتھا۔
دوسری جانب آصف زرداری اور فریال تالپورسے متعلق ایف آئی اے کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں دونوں شخصیات کی عدم حاضری پر قانونی مشاورت کی گئی، اجلاس میں فریال تالپور کی جے آئی ٹی سے متعلق درخواست کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری، فریال تالپور کی عدم حاضری سے متعلق ایف آئی اے نے جواب تیار کرلیا ہے، تحقیقات کے لئے پیش نہ ہونے کا معاملہ سپریم کورٹ بھیجنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے اپنا جواب آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد ملزمان کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ ہوگا۔