کراچی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی کام یابی پوری قوم کی کام یابی ہے، پی ایس ایل میچز میران شاہ، مظفر آباد اور خیبر میں بھی کرائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نیشنل اسٹیڈیم کرچی کے میڈیا باکس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز شمالی وزیرستان کے شہر میران شاہ اور آزاد کشمیر کے دار الحکومت مظفر آباد میں بھی کرائے جائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ان کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے میران شاہ اور دیگر شہروں میں اسٹیڈیم کی تعمیر پر بات ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل: زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دے دیا
انھوں نے کہا کہ کراچی پچھلی بار بھی پی ایس ایل کے فائنل کا میزبان تھا، کراچی آج بھی فائنل کی میزبانی کر رہا ہے، خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں اسپورٹس سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور فورسز نے بہت کام کیا ہے، جس طرح سیکورٹی فورسز نے کام کیا اسے ریورس نہیں کیا جا سکتا، پی ایس ایل کو پاکستان میں ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
انھوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم سب نے مل کر ایونٹ کو کام یاب بنایا ہے۔