نئی دہلی: بھارت نے امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کے ارکان کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے امریکی کمیشن کے ارکان کی ویزا درخواستیں مسترد کر دیں، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کمیشن کا پینل زمینی حقائق جانچنے کے لیے بھارت جانا چاہتا تھا۔
کمیشن نے ویزے مسترد ہونے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ سے رابطہ کر کے کہا کہ امریکی کمیشن مقبوضہ کشمیر اور بھارتی شہروں کا دورہ کرنا چاہتا تھا، جس کا مقصد مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم کے زمینی حقائق کا مشاہدہ کرنا تھا، تاہم بھارت نے ویزے دینے سے انکار کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ 2 سال قبل بھی بھارت کی جانب سے امریکی کمیشن کو ویزے دینے سے انکار کیا گیا تھا۔
بھارت میں حالات تبدیل نہ ہوئے تو تشدد میں اضافہ ہوسکتا ہے، امریکی سفیر
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا کے خصوصی سفیر براؤن بیک نے بھارت میں مذہبی آزادی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں حالات تبدیل نہ ہوئے تو تشدد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، براوٗن بیک نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کو کرونا پر قربانی کا بکرا بنائے جانے پر انھیں تشویش ہے اور مذہبی اقلیتوں کو کرونا کا ذمہ دار ٹھہرانا کسی طور پر درست نہیں۔
بھارتی متنازع شہریت ایکٹ انسانی حقوق کے منافی ہے، اقوام متحدہ
رواں ماہ اقوام متحدہ نے بھارت میں اقلیتوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی متنازع شہریت ایکٹ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔