تازہ ترین

نیب کا اسحاق ڈار اور اکرم درانی کے خلاف دائر کیس بند کرنے کا اعلان

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور جے یو آئی کے رہنما اکرم درانی کے خلاف دائر کرپشن کیس کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف ایک اور کیس کی تحقیقات کی منظوری دے دی جبکہ اسحاق ڈار اور اکرم درانی کے خلاف دائر کیس کی انکوائری کو عدم ثبوت کی بنا پر بند کر دیا گیا۔

نیب اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر کے خلاف بھی عدم ثبوت کی پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیب کی کمیٹی روز ویلٹ ہوٹل کو بند کرنے کے حوالے سے جائزہ لے گی۔

نیب کے سربراہ نے سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیازعنایت اور سابق ڈائریکٹر ڈی جی پارکس سندھ لیاقت قائم خانی کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سی ڈی اےکے افسران کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت انہیں طلب کیا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -