تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

بہادر فاطمہ کی موت نے والد کو غریبوں کے لیے امید کی کرن بنا دیا

کمسن اولاد کی موت ماں باپ کو توڑ کر رکھ دیتی ہے لیکن ایک بہادر بیٹی اپنی موت کے بعد باپ کی ہمت بن گئی اور اس کے طفیل اس کے والد نادار افراد کے لیے امید کی کرن بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ کے ڈاکٹر اسد امتیاز نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں شرکت کی اور بتایا کہ کس طرح ان کی مرحومہ بیٹی ہزاروں افراد کے پیٹ بھرنے کا سبب بنی۔

ڈاکٹر اسد کی 14 سالہ بیٹی فاطمہ کینسر کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئی تھی، لیکن اس کا خواب تھا کہ وہ غریبوں کی مدد کرے اور کوئی شخص بھوکا نہ سوئے۔

اس کی موت کے بعد اس کے والد نے اس کا یہ خواب پورا کرنے کا بیڑا اٹھا لیا، انہوں نے سب سے پہلے فاطمہ اسد دستر خوان شروع کیا جس سے مستحق افراد دو وقت کی روٹی پیٹ بھر کر کھا سکتے تھے۔

اس کے بعد اس کا دائرہ وسیع ہوتا گیا، فاطمہ کے نام سے قائم ویلفیئر ادارہ سرکاری اسپتال میں داخل مریضوں کے تیمارداروں کے لیے کھانے کا انتظام کرتا ہے، کسی نادار کی فیس بھرنی ہو، کسی کے گھر کا کرایہ ادا کرنا ہو، کسی کو ماہانہ وظیفہ دینا ہو، اس ادارے سے کسی شخص کو خالی ہاتھ نہیں لوٹایا گیا۔

ڈاکٹر اسد نے بتایا کہ فاطمہ کے نام سے قائم ادارے کے تحت شہر میں الیکٹرک کولر لگائے گئے ہیں، جبکہ پرندوں کے لیے بھی دانہ پانی رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ان کی پہچان اپنے نام سے کم اور ان کی بیٹی کے نام سے زیادہ ہوتی ہے۔

فاطمہ کی یادیں شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر اسد نے بتایا کہ ایک بار وہ اس کے لیے آئی فون لینے گئے تو اس نے میسج کر کے کہا آپ پیسے مت ضائع کریں، یہ رقم کسی غریب کو دے دیں۔

اسی طرح ایک بار فاطمہ نے اپنی والدہ سے کہا کہ اس کی خواہش ہے کہ اس کے نام کی چیریٹی کے بل بورڈز جگہ جگہ لگے ہوں، والد نے اس کی یہ خواہش پوری کردی۔

ڈاکٹر اسد نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی وجہ سے لوگوں کے دکھ درد دور کرنے کے لیے پہلا قدم اٹھایا اس کے بعد اللہ نے بہت سے لوگوں کو وسیلہ بنا دیا، ان کے دوست، احباب، رشتے دار، دل کھول کر اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -