وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں ہونے والی متنازع تقرری کا نوٹس لیے لیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کی ہدایت پر سابق کرکٹر سلمان بٹ کی تعیناتی منسوخ کردی گئی۔ کرکٹ جیسے مقبول کھیل کیلئے سلیکشن کمیٹی کو بھی غیرمتنازع ہونا چاہیے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، میرٹ پر تقرری ہونی چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں غیرمتنازع، اچھی شہرت والے کو شامل کریں۔ میرٹ پر تقرری سے ہی بہتر ٹیم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ چیزوں کی وضاحت دینا ضروری ہے، سلمان بٹ کے نام پر بات ہورہی ہے وہ رائے دینے کی حد تک ہیں سلمان بٹ پی سی بی کے کسی پینل پر نہیں ہیں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ سلمان بٹ کا نام واپس لے لیا ہے، سلمان بٹ میری ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، بطور چیف سلیکٹر میری ذمہ داری ہے کہ میرے ساتھ کون لوگ ہوں گے اس کا خیال رکھوں۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ دنوں سابق پاکستانی کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ ممبرز کے طور پر تعینات کیا تھا۔