کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جشن آزادی کے موقع پر عوام میں موبائل فونز اور دیگر انعامات تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا۔
گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ جشن آزادی پر تمام سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جبکہ ٹریفک پلان آج سوشل میڈیا سائٹ پر لگا دیا جائے گا، آج ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فائر ورک گورنر ہاؤس میں کیا جائے گا جس کیلیے دبئی سے خصوصی طور پر ٹیم آئی ہے۔
کامران ٹیسوری نے بتایا کہ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کل میری خصوصی دعوت پر گورنر ہاؤس آئیں گے جبکہ معروف گلوکار عاطف اسلم اور آرٹس کونسل سے منسلک دیگر فنکار بھی یہاں پرفارم کریں گے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے تمام دروازے عوام کیلیے کھلے ہوں گے، کل پانچ لاکھ لوگوں کی آمد متوقع ہے جس کیلیے باغ جناح بھی عوام کیلیے کھولا جا رہا ہے جو گورنر ہاؤس کے ساتھ ہے، فوارہ چوک سے لے کر شائقین کمپلیکس تک اسکرینں لگی ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف عوام کیلیے یہ سب کیا، سکیورٹی خدشات ہیں لیکن اس کے باوجود یہ سب اہتمام کیا، 14 اگست کو پہلی بار لیز شو بھی گورنر ہاؤس میں ہوگا۔
کامران ٹیسوری نے اعلان کیا کہ آج عوام میں موبائل فونز اور دیگر انعامات تقسیم کیے جائیں گے، گورنر ہاؤس میں مختلف اسٹالز لگائے جائیں گے جس میں ایک روپے میں کھانے کی چیزیں ملیں گی۔
عہدے سے ہٹانے کی خبروں پر ردعمل
میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے عہدے ہٹائے جانے کی گردش کرتی خبروں پر بھی ردعمل دیا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ جس نے مجھے ہٹانے کی خبریں چلوائیں وہ سندھ کا وزیر میرا پیارا دوست ہے، پہلے بھی مجھے عہدے سے ہٹانے کی خبریں چلوائی گئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کو اصل تکلیف یہ ہے کہ گورنر ہاؤس عوام کیلیے کھلا ہوا ہے۔