ہفتہ, ستمبر 28, 2024
اشتہار

فلسطین آزاد، دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہیے، وزیراعظم شہباز شریف کا جنرل اسمبلی سے خطاب

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھا دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے گھر ملبے کے ڈھیر بن گئے، دنیا آنکھیں کیسے بند رکھ سکتی ہے، فلسطین آزاد اور دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور بربریت کا مظاہرہ کررہا ہے، پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، فلسطینیوں پر مظالم اور بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

- Advertisement -

شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا منظم طریقے سے قتل عام کیا جارہا ہے، فلسطینیوں پر مظالم نظر انداز کرنے والے کیا انسان کہلانے کے قابل ہیں، معصوم فلسطینی بچوں، خواتین کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں بچوں کے زندہ درگور ہونے پر دنیا کب تک خاموش رہے گی، مسئلہ فلسطین کا واحد حل دو ریاستی فارمولے میں ہے، دو ریاستی فارمولے کے تحت فلسطین میں خاک و خون کا کھیل بند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم فلسطینی بچوں، خواتین اور شہریوں کے قتل پر خاموش نہیں رہا جاسکتا، فلسطین کو فوری اقوام متحدہ کا ممبر تسلیم کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر مذمت کافی نہیں بڑے ممالک حرکت میں آئیں اور آگ و خون کا کھیل فوری بند کروائیں، عالمی برادری کو پائیدار امن کے لیے کردار ادا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب لبنان میں اسرائیلی جارحیت شروع ہوگئی ہے، لبنان میں اسرائیلی جارحیت سے خطے میں بڑی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی طرح مقبوضہ کمشیر کے لوگ بھی عرصے سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں، جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم بھی جاری ہیں، کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم دنیا کی توجہ کے طلب گار ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کی مقبوضہ کشمیر میں باہر سے لوگوں کو لاکر آباد کیا جارہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا فیصلہ کُن جواب دے گا خطے میں امن کے لیے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اقدامات ختم کرنا ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں