لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی سے شادی اس لئے کی کہ وہ سیاست اور پی ٹی آئی پرقبضہ چاہتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی گھر والی ملک کا تماشا بنا رہے ہیں، جب سے یہ جوڑی بنی ہے پاکستان میں سیاست اور گورننس کو اپنے مفاد کی خاطر نقصان پہنچایا۔
تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں پنجاب میں پنکی، گوگی کا راج تھا، پنجاب میں پی ٹی آئی دور میں ہر پوسٹنگ ٹرانسفر کا ریٹ تھا، پنکی اور گوگی بازار اور منڈی چلاتی تھیں، شوہر کے ہوتے ہوئے خرید و فروخت، اس کےعہدے کا ناجائز استعمال کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ کبھی ہیرے کی انگوٹھیوں، زمین کےسودے تو کبھی190ملین پاؤنڈ کھانےکیلئے یونیورسٹی کا جھانسہ، اللہ کےنام پربنائی ہوئی یونیورسٹی کرپشن کےپیسےسےبننی تھی۔
بشریٰ بی بی کے حوالے سے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی ایک بڑی امبیشیس خاتون ہیں، انھوں نے بانی پی ٹی آئی سےشادی اس لئےکی کہ یہ سیاست،پی ٹی آئی پر قبضہ چاہتی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی دورحکومت میں پنجاب اور وفاق میں جو کھیل کھیلا گیا وہ سب کو پتہ ہے ، پی ٹی آئی کی سیاست اب غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، پہلے پی ٹی آئی کی سیاست چند وکلا کے ہاتھوں میں تھی جنہوں نےتباہی کی، اب پی ٹی آئی کی باگ ڈور چند گھریلو خواتین کے ہاتھ میں ہے، نند بھاوج نے پارٹی پر قبضے کیلئے کھیل کھیلنا شروع کیا ہے۔
بانی کی اہلیہ کے بیان سے متعلق ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کےگزشتہ روزکےبیان پرشرم آنی چاہیے، شعبدہ بازی کیلئےجہاں ننگےپاؤں جایاکرتےتھےوہاں سےجیبیں بھر کر آتے تھے، ان جیبوں میں گھڑیاں اور ہار پتہ نہیں کیا کیا ہوتا تھا، جن ملکوں میں جاتے تھے وہاں سےجیبیں بھرکرتحفےلاتےتھے.
انھوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے حکمران اچھے نہیں لگتے تھے تو آپ کو ان کے تحفے اچھے لگتے تھے، اگر ان کے حکمران اچھے نہیں تھے تو ان کی گاڑی کے ڈرائیور کیوں بنے؟ پاکستان کے تعلقات کو آپ داؤ پر لگاتے ہیں، پاکستان کے عوام کا جو سعودی عرب سے دل کے تعلق کا آپ مذاق اڑاتے تھے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ جھوٹ پر بیانیہ بنانا بانی پی ٹی آئی کی عادت ہے، کبھی سائفر، کبھی آئی ایم ایف ڈیل رکوانے کی صورت میں آپ جھوٹا بیانیہ بناتے آئے ہیں، مشکل ترین حالات میں پاکستان کی مدد کرنیوالے ممالک پی ٹی آئی کا نشانہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ چین اور سعودی عرب ہرمشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، پی ٹی آئی رہنما مروت نے بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد بیان دیا تھا کہ بشریٰ بی بی کا پارٹی اور ملک پر قبضہ کرنے کا خواب ہے۔