ہفتہ, نومبر 23, 2024
اشتہار

پی ٹی آئی کا احتجاج: راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، اڈیالہ جیل جانے والے راستے پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔

راولپنڈی کے داخلی وخارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والا مرکزی راستہ فیض آباد انٹر چینج بھی بند کردیا گیا۔

- Advertisement -

جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس بھی تاحکم ثانی بند کردی گئی، سکستھ روڈ سے فیض آباد تک بیشتر کاروباری مراکز کو بند کروادیا گیا جبکہ فیض آباد لاری اڈے پر ہوٹل اور ریسٹورنٹ خالی کرادئیے گئے ہیں، اس کے عالوہ آئی جے پی روڈ پر بھی رکاٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

راولپنڈی سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کسی صورت نہیں ہونے دینگے، سینئر پولیس افسران کو نگرانی کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، ہم امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے۔

سی پی او راولپنڈی نے مزید کہا کہ امن میں خلل ڈالنے والوں سے نمٹنے کیلئے خصوصی دستے تیار ہیں، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شہر کی نگرانی کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں داخل ہونے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

فیض آباد سمیت 6 مقامات کو کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد، آئی جے پی روڈ، روات ٹی چوک، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں