پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر وزیر آباد میں دریائے چناب کا پل کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گجرات سے جہلم اور اسلام آباد جانے والے راستے بھی سیل کردیے گئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔
وزیر آباد میں دریائے چناب کا پل بند ہونے سے ایمبولینس اور باراتیں بھی پھنس گئیں۔
دولہے نے اے آر اوئی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دلہن لینے جارہے تھے ذلیل و خوار ہوکر رہ گئے ہیں سوچ رہا ہوں کہ دلہن کو بائیک پر لے جاؤں۔
باراتیں سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے گجرات اور جہلم جا رہی تھیں لیکن چناب ٹول پلازہ پر دونوں باراتیں پھنس گئیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث حکومت نے اسلام آباد کے راستے بند کردیے، دارالحکومت کو جانے والے زيادہ تر راستوں پر بندش ہے اور چھبیس نمبر چُنگی کنٹینر لگا کر مکمل سیل کردی گئی، سری نگر ہائی وے بھی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بند ، مختلف شاہراہوں پر کنٹینر رکھ کر راستے بند کردیے گئے۔
اس کے علاوہ جہلم کی اہم شاہراہوں پر بھی کنٹینر کھڑے کردیے گئے ، فیصل آباد کے داخلی راستے بھی بند ہیں اور لاہور، پشاور اور فیصل آباد سے اسلام آباد کیلئے جانے والی موٹر ویز بھی بند کردی گئيں۔