گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی پی کے بغیر مرکزی حکومت نہیں چل سکتی ن لیگ کو ہم سے کئی گئی کمٹمنٹ پوری کرنا ہو گی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا حکومت چلانے پر اتفاق ہوا تھا اس حوالے سے ن لیگ کے ساتھ کچھ کمٹمنٹ ہوئی تھی جس کے تحت پنجاب میں پی پی کو برابری کی سطح پر نمائندگی دی جانی تھی۔
فیصل کریم نے کہا کہ ن لیگ سے ہماری کمٹمنٹ کو وفاقی حکومت نے اون نہیں کیا۔ پنجاب میں پاور شیئرنگ کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی کے تحفظات ہیں، لیکن یاد رہے کہ مرکزی حکومت پی پی کے بغیر نہیں چل سکتی۔
انہوں نے بتایا کہ ن لیگ اور پی پی کے درمیان مسائل کو حل کرنے کے لیے کمیٹیاں بنی تھیں۔ ان کمیٹیوں کا کام حکومت اور اتحاد کو اتفاق رائے سے چلانا تھا، لیکن افسوس کہ ایسا نہ ہوا۔
گورنر کے پی نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں بلاول بھٹو نے اہم کردار ادا کیا اور انہوں نے ہی اپوزیشن کے ساتھ مفاہمت کر کے 26 ویں آئینی ترمیم پاس کرائی تھی۔
فیصل کریم نے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کی میٹنگ ہونے جا رہی ہے۔ اس میٹنگ میں تمام صوبے بالخصوص پنجاب اور کے پی رپورٹ پیش کرینگے۔ پاور شیئرنگ کی رپورٹ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو پیش کی جائے گی اور اس رپورٹ کے بعد وفاق سے بات کی جائے گی کہ جو کمٹمنٹ ہوئی اس کو پورا کیا جائے۔