کراچی : الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کسٹم افسران کے خلاف لاکھوں روپے چوری کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے پریس کانفرنس میں کسٹم حکام پر سنگین الزامات عائد کئے۔
رضوان عرفان نے موبائل مارکیٹ میں غیر قانونی کارروائی کے خلاف کسٹم اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کے لئے چیف کلکٹر ،ڈی آئی جی اوراعلی حکام درخواست جمع کرادی ہے۔
صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ موبائل مال میں کسٹم حکام ہمارے لاکھوں روپے چوری کرکے لے گئے۔
رضوان عرفان نے بتایا کہ چھاپے کے دروان سی سی ٹی وی کیمرے کاڈی وی آر نکال لیا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں کروڑوں روپے کے موبائل فونز اور ٹیبلیٹس چوری کرلیے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اور ساٹھ لاکھ روپے اور قیمتی سامان فوری برآمد کرایا جائے، ورنہ تاجر برادری احتجاج اور مارکیٹ بند کرنے پر مجبور ہوگی۔